شب برأت
شب برأت
فضائل، مسائل اور بدعات
تحریر : مولانا محمد الیاس گھمن صاحب
ماہ
شعبان کی پندرھویں رات بہت فضیلت والی رات ہے۔احادیث مبارکہ میں اس کے بہت سے
فضائل وارد ہوئے ہیں اور اسلاف امت بھی اس کی فضیلت کے قائل چلے آ رہے ہیں۔ اس
رات کو ”شب برأت“ کہتے ہیں، اس لیے کہ اس رات لا تعداد انسان رحمت باری تعالیٰ سے
جہنم سےنجات حاصل کرتے ہیں۔
شب
برأت کے متعلق لوگ افراط و تفریط کا شکار ہیں۔بعض تو وہ ہیں جو سرے سے اس کی فضیلت
کے قائل ہی نہیں بلکہ اس کی فضیلت میں جو احادیث مروی ہیں انھیں موضوع و من گھڑت
قرار دیتے ہیں۔جبکہ بعض فضیلت کے قائل تو ہیں لیکن اس فضیلت کے حصول میں بے
شماربدعات، رسومات اور خود ساختہ امور کے مرتکب ہیں، عبادت کے نام پر ایسے منکرات
سر انجام دیتے ہیں کہ الامان و الحفیظ۔
اس
بارے میں معتدل نظریہ یہ ہے کہ شعبان کی اس رات کی فضیلت ثابت ہے لیکن اس کا درجہ
فرض و واجب کا نہیں بلکہ محض استحباب کا ہے، سرے سےاس کی فضیلت کا انکار کرنا بھی
صحیح نہیں اور اس میں کیے جانے والے اعمال و عبادات کو فرائض و واجبات کا درجہ
دینا بھی درست نہیں۔
فضیلت
شب برأت احادیث مبارکہ سے:
شبِ برأت کی فضیلت میں بہت سی احادیث مروی ہیں،اگرچہ ان میں
سے بعض سند کے اعتبار سے ضعیف ہیں، لیکن متعدد طرق سے مروی ہونے کی وجہ سے ان کا
ضعف کم ہوجاتا ہے اور یہ فضائل میں قابل عمل ضعیف احادیث میں شامل ہے ۔
تفصیل کے لیے دیکھیے میری کتاب”فضائل اعمال اور اعتراضات کا
علمی جائزہ“ ص:12،13
مزید امت کا تعامل اور اسلاف کا اس رات کےقیام پر عمل پیرا
چلے آنا اس بات کی دلیل ہے کہ یہ روایات مقبول ہیں اور لیلۃ البراءت کی اصل ضرور
ہے۔ چند ایک روایات نقل کی جاتی ہیں۔
حدیث
نمبر 1:
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہےکہ[ ایک رات] آپ صلی
اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
أَتَدْرِينَ أَيَّ لَيْلَةٍ هَذِهِ ؟ "، قُلْتُ: اللهُ
وَرَسُولُهُ أَعْلَمُ، قَالَ: " هَذِهِ لَيْلَةُ النِّصْفِ مِنْ شَعْبَانَ،
إِنَّ اللهَ عَزَّ وَجَلَّ يَطْلُعُ عَلَى عِبَادِهِ فِي لَيْلَةِ النِّصْفِ مِنْ
شَعْبَانَ فَيَغْفِرُ لِلْمُسْتَغْفِرِينَ، وَيَرْحَمُ الْمُسْتَرْحِمِينَ،
وَيُؤَخِّرُ أَهْلَ الْحِقْدِ كَمَا هُمْ ۔
قال الامام البیہقی: هَذَا مُرْسَلٌ جَيِّدٌ. (شعب الایمان
للبیهقی: رقم الحدیث 3554، جامع الاحادیث للسیوطی: رقم 7265،کنز العمال: رقم
الحدیث 7450
ترجمہ(اے عائشہ!) کیا تمھیں معلوم ہے کہ یہ کون سی رات
ہے؟میں نے عرض کیا کہ اللہ اور اس کا رسول زیادہ جانتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ
وسلم نے فرمایا:یہ شعبان کی پندرھویں رات ہے۔ اس رات اللہ رب العزت اپنے بندوں پر
نظر رحمت فرماتے ہیں؛ بخشش چاہنے والوں کو بخش دیتے ہیں، رحم چاہنے والوں پر رحم
فرماتے ہیں اور بغض رکھنے والوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیتے ہیں۔
حدیث
نمبر 2:
عَنِ أَبِي بَكْرٍالصِّدِّیْقِ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى
اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: " يَنْزِلُ اللهُ إِلَى السَّمَاءِ
الدُّنْيَا لَيْلَةَ النِّصْفِ مِنْ شَعْبَانَ فَيَغْفِرُ لِكُلِّ شَيْءٍ إِلَّا
رَجُلٍ مُشْرِكٍ أَوْ فِي قَلْبِهِ شَحْنَاءُ
شعب الایمان للبیهقی: رقم الحدیث3546، مجمع الزوائد للهیثمی:
رقم 12957
قال الهیثمی: رواه البزار وفيه عبد الملك بن عبد الملك ذكره
ابن أبي حاتم في الجرح والتعديل ولم يضعفه وبقية رجاله ثقات (مجمع الزوائد
للہیثمی:تحت الرقم 12957
قال المنذری: اسنادہ لا باس به۔ (الترغیب و الترهیب: تحت
الرقم 4190
ترجمہ:حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:اللہ تعالیٰ شعبان کی پندرھویں رات آسمان
دنیا کی طرف نزول فرماتے ہیں (کما یلیق بشانہ)اس رات ہر ایک کی مغفرت کر دی جاتی
ہے سوائے اس شخص کےجو اللہ کے ساتھ شریک ٹھہرانے والا ہویا وہ شخص جس کے دل میں (
کسی مسلمان کے خلاف) کینہ بھرا ہو۔
حدیث
نمبر 3:
عن عائشة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال : هل تدرين ما هذه
الليل ؟ يعني ليلة النصف من شعبان قالت : ما فيها يا رسول الله فقال : فيها أن
يكتب كل مولود من بني آدم في هذه السنة وفيها أن يكتب كل هالك من بني آدم في هذه
السنة وفيها ترفع أعمالهم وفيها تنزل أرزاقهم۔(مشکوۃ المصابیح: رقم الحدیث1305
ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم
سےروایت فرماتی ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (اے عائشہ!) کیا تمھیں
معلوم ہے کہ اس رات یعنی شعبان کی پندرھویں رات میں کیا ہوتا ہے؟حضرت عائشہ رضی
اللہ عنہانے عرض کیا: یا رسول اللہ! اس میں کیا ہوتا ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ
وسلم نے فرمایا:اس سال جتنے انسان پیدا ہونے والے ہوتے ہیں وہ اس رات میں لکھ دیے
جاتے ہیں اور جتنے لوگ اس سال میں مرنے والے ہوتے ہیں وہ بھی اس رات میں لکھ دیے
جاتے ہیں۔اس رات بنی آدم کےا عمال اٹھائے جاتے ہیں اور اسی رات میں لوگوں کی مقررہ
روزی اترتی ہے۔
تنبیہ: اس حدیث سے تو معلوم ہوتا ہے کہ شبِ براءت کے بعد
والے سال میں پیدا ہونے والے اور فوت ہونے والے انسانوں کے نام وغیرہ اس رات میں
لکھے جاتے ہیں جبکہ یہ چیزیں تو لوحِ محفوظ میں لکھی جا چکی ہیں، پھر لکھنے کا کیا
مطلب؟ جواب یہ ہے کہ اس رات میں لکھنے سے مراد یہ ہےکہ لوحِ محفوظ سے فہرستیں لکھ
کران امور سے متعلقہ فرشتوں کے سپرد کی جاتی ہیں۔ و اللہ اعلم بالصواب
حدیث
نمبر 4:
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:
أَتَانِي جِبْرِيلُ عَلَيْهِ السَّلَامُ، فَقَالَ: هَذِهِ
اللَّيْلَةُ لَيْلَةُ النِّصْفِ مِنْ شَعْبَانَ وَلِلَّهِ فِيهَا عُتَقَاءُ مِنَ
النَّارِ بِعَدَدِ شُعُورِ غَنَمِ كَلْبٍ، لَا يَنْظُرُ اللهُ فِيهَا إِلَى
مُشْرِكٍ، وَلَا إِلَى مُشَاحِنٍ ، وَلَا إِلَى قَاطِعِ رَحِمٍ، وَلَا إِلَى
مُسْبِلٍ ، وَلَا إِلَى عَاقٍّ لِوَ الِدَيْهِ، وَلَا إِلَى مُدْمِنِ خَمْرٍ۔ (شعب
الایمان للبیہقی: رقم الحدیث3556، الترغیب و الترہیب للمنذری: رقم الحدیث 1547
ترجمہ: حضرت جبرئیل علیہ السلام میرے پاس تشریف لائےاور
فرمایا:یہ شعبان کی پندرھویں رات ہے۔ اس رات اللہ تعالیٰ قبیلہ کلب کی بکریوں کے
بالوں کے برابرلوگوں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے لیکن اس رات مشرک،کینہ رکھنے والے،
قطع رحمی کرنے والے، ازار ٹخنوں سے نیچے رکھنے والے، ماں باپ کے نافرمان اور شراب
کے عادی کی طرف نظر(رحمت) نہیں فرماتے۔
مزید روایات کے لیے ”شبِ براءت کی فضیلت“ از مولانا نعیم
الدین صاحب ملاحظہ فرمائیں۔ یہ کتاب انٹرنیٹ سے ڈائون لوڈ کی جاسکتی ہے۔
شب
براءت اکابرین امت کی نظر میں:
1: جلیل
القدر تابعی حضرت عطاء بن یسار رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
مَا مِنْ لَيْلَةٍ بَعْدَ لَيْلَةِ الْقَدْرِ أَفْضَلُ مِنْ
لَيْلَةِ النِّصْفِ من شَعْبَانَ
لطائف المعارف: ابن رجب الحنبلی: ص151
ترجمہ: لیلۃ القدر کے بعدشعبان کی پندرھویں رات سے زیادہ
افضل کوئی رات نہیں۔
2: علامہ
ابن رجب الحنبلی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
لَيْلَةِ النِّصْفِ من شَعْبَانَ كَانَ التَّابِعُوْنَ مِنْ
أَهْلِ الشَّامِ كَخَالِدِ بْنِ مَعْدَانَ وَمَكْحُوْلٍ وَ لُقْمَانَ بْنِ عَامِرٍ
وَ غَيْرِهِمْ ،يُعَظِّمُوْنَهَا وَ يَجْتَهِدُوْنَ فِيْهَا فِي الْعِبَادَةِ وَ
عَنْهُمْ أَخَذَالنَّاسُ فَضْلَهَا وَ تَعْظِيْمَهَا۔
لطائف المعارف: ابن رجب الحنبلی: ص151
ترجمہ:اہلِ شام کے تابعین حضرات مثلاً امام خالد بن
معدان،امام مکحول، امام لقمان بن عامر وغیرہ شعبان کی پندرھویں رات کی تعظیم کرتے
تھےاور اس رات خوب محنت سے عبادت فرماتے تھے۔انہی حضرات سے کوگوں نے شبِ براءت کی
فضیلت کو لیا ہے۔
3:امام
محمد بن ادریس الشافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
وَبَلَغَنَا أَنَّهُ كان يُقَالُ إنَّ الدُّعَاءَ
يُسْتَجَابُ في خَمْسِ لَيَالٍ في لَيْلَةِ الْجُمُعَةِ وَلَيْلَةِ الْأَضْحَى
وَلَيْلَةِ الْفِطْرِ وَأَوَّلِ لَيْلَةٍ من رَجَبٍ وَلَيْلَةِ النِّصْفِ من
شَعْبَانَ وأنا أَسْتَحِبُّ كُلَّ ما حُكِيَتْ في هذه اللَّيَالِيِ من غَيْرِ أَنْ
يَكُونَ فَرْضًا
کتاب الام للشافعی: ج1 ص231 العبادة لیلۃ العيدين، السنن
الکبریٰ للبیہقی: ج3، ص319
ترجمہ:ہمیں یہ بات پہنچی ہےکہا جاتا تھا کہ پانچ راتوں میں
دعا[زیادہ] قبول ہوتی ہے۔۱: جمعہ
کی رات، ۲:عید
الاضحیٰ کی رات،۳: عید
الفطر کی رات، ۴:رجب
کی پہلی رات، ۵:نصف
شعبان کی رات۔ میں نے ان راتوں کے متعلق جو بیان کیا ہے اسے مستحب سمجھتا ہوں فرض
نہیں سمجھتا۔
4:علامہ
زین الدین بن ابراہیم الشہیربابن نجیم المصری الحنفی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
وَمِنْ الْمَنْدُوبَاتِ إحْيَاءُ لَيَالِي الْعَشْرِ من
رَمَضَانَ وَلَيْلَتَيْ الْعِيدَيْنِ وَلَيَالِي عَشْرِ ذِي الْحِجَّةِ وَلَيْلَةِ
النِّصْفِ من شَعْبَانَ كما وَرَدَتْ بِهِ الْأَحَادِيثُ وَذَكَرَهَا في
التَّرْغِيبِ وَالتَّرْهِيبِ مُفَصَّلَةً
البحر الرائق لابن نجیم: ج2، ص56
ترجمہ:رمضان کی آخری دس راتوں میں، عیدین کی راتوں
میں،ذوالحجہ کی دس راتوں میں، شعبان کی پندرھویں رات میں شب بیداری کرنا مستحبات
میں سے ہے جیسا کہ احادیث میں آیا ہےاور علامہ منذری رحمہ اللہ نے انہیں ترغیب و
الترہیب میں مفصلاً بیان کیا ہے۔
5:خاتمۃ
المحدثین حضرت علامہ مولانا محمد انور شاہ الکشمیری رحمہ ا للہ فرماتے ہیں:
اِنَّ هٰذِهِ اللَّيْلَةَ لَيْلَةُ الْبَرَاءَةِ وَصَحَّ
الرِّوَايَاتُ فِي فَضّلِ لَيْلَةِ الْبَرَاءَةِ
العرف الشذی: ج2 ص250
ترجمہ:یہ رات”لیلۃ البراءت“ ہے اور اس لیلۃ البراءت کی فضیلت
کے بارے میں روایات صحیح ہیں۔
6:حکیم
الامت، مجدد الملت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
”شبِ
براءت کی اتنی اصل ہے کہ پندھویں رات اور پندرھواں دن اس مہینے کا بہت بزرگی اور
برکت کا ہے ۔ “
بہشتی زیور:حصہ ششم، ص58
7: شیخ
الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم فرماتے ہیں:
”شب
براءت کی فضیلت میں بہت سی روایات مروی ہیں، جن میں سے بیشتر علامہ سیوطی رحمہ
اللہ نے ”الدر المنثور“ میں جمع کر دی ہیں……ان روایات کے ضعف کے باوجود شبِ براءت
میں اہتمامِ عبادت بدعت نہیں۔ اول تو اس لیے کہ روایات کا تعدد اور ان کا مجموعہ
اس پر دال ہے کہ لیلۃ البراءت کی فضیلت بے اصل نہیں، دوسرے امت کا تعامل لیلۃ
البراءت میں بیداری اور عبادت کا خاص اہتمام کرنے کا رہا ہے اور یہ بات کئی مرتبہ
گزر چکی ہے کہ جو بھی ضعیف روایت مؤید بالتعامل ہے وہ مقبول ہوتی ہے۔ لہذا لیلۃ
البراءت کی فضیلت ثابت ہے اور ہمارے زمانے کے بعض ظاہر پرست لوگوں نے احادیث کے
محض اسنادی ضعف کو دیکھ کر لیلۃ البراءت کی فضیلت کو بے اثر قرار دینے کی جو کوشش
کی ہے وہ درست نہیں“
(درسِ
ترمذی: ج2 ص579)
پندرہ
شعبان کا روزہ:
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں:
عن علي بن أبي طالب قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم
إذا كانت ليلة النصف من شعبان فقوموا ليلها وصوموا نهارها . فإن الله ينزل فيها
لغروب الشمس إلى سماء الدنيا . فيقول ألا من مستغفر لي فأغفر له ألا من مسترزق
فأرزقه ألا مبتلى فأعافيه ألا كذا ألا كذا حتى يطلع الفجر
سنن ابن ماجہ: رقم الحدیث 1388 ،شعب الایمان للبیہقی: ج3،
ص378
ترجمہ: جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب
شعبان کی پندرھویں رات آئے تو اس رات قیام کرو اور دن کو روزہ رکھو کیونکہ اللہ
تعالیٰ سورج غروب ہونے سے (لے کر صبح صادق تک) آسمانِ دنیا پر (کما یلیق بشانہ)
نزول فرماتے ہیں، اور ارشاد فرماتے ہیں: ” ہے کوئی بخشش طلب کرنے والا؟تو میں اس
کو بخش دوں! ہے کوئی رزق کا طالب؟ میں اس کو رزق دوں! ہے کوئی مصیبت زدہ ؟میں اس
کو مصیبت سے نجات دوں! ہے کوئی ایسا؟ ہو کوئی ایسا؟ اللہ رب العزت کی طرف سے یہ
اعلان صبحِ صادق تک جاری رہتا ہے۔“
قلت: اسنادہ ضعیف و الضعیف یعمل بہ فی فضائل الاعمال، راجع
للتفصیل الی کتابی”فضائل اعمال اور اعتراضات کا علمی جائزہ“
اس حدیث میں پندرہ شعبان کے روزے کا تذکرہ ہے اور پہلے گزر
چکا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم شعبان میں کثرت سے روزے رکھا کرتے تھے ۔ نیز
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ایام بیض ( ہر مہینہ میں ۱۳، ۱۴، ۱۵)کے روزے بھی رکھا کرتے تھے،
اور پندرہ شعبان بھی انہی تاریخوں میں سے ہے۔ ان وجوہ سے بعض علماء کرام نے پندرہ
شعبان کا روزہ مستحب قرار دیا ہے۔ لیکن یہ ملحوظ رہے کہ اسے سنت یا ضروری نہ سمجھا
جائے۔ صدرمفتی دار العلوم دیوبند مفتی عزیز الرحمٰن رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
”پندرھویں
تاریخ شعبان کا روزہ مستحب ہے، اگر کوئی رکھے تو ثواب ہے اور نہ رکھے تو کچھ حرج
نہیں ہے“
فتاوٰی دار العلوم دیوبند: ج 6ص309
شب
براءت میں قبرستان میں جانا:
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے :
فقدت رسول الله صلى الله عليه و سلم ليلة فخرجت فإذا هو
بالبقيع فقال أكنت تخافين أن يحيف الله عليك ورسوله ؟ قلت يا رسول الله إني ظننت
أنك أتيت بعض نساءك فقال إن الله عز و جل ينزل ليلة النصف من شعبان إلى السماء
الدنيا فيفغر لأكثر من عدد شعر غنم كلب
جامع الترمذی رقم:739
ترجمہ:ایک رات میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے پاس نہ
پایا، تو میں آپ کی تلاش میں نکلی۔ پس کیا دیکھا کہ آپ جنت البقیع میں تشریف
فرماتھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :کیا تمہیں اندیشہ ہے کہ اللہ اور اس کا
رسول تم پر زیادتی کر سکتے ہیں؟تو میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! مجھے یہ گمان ہوا
کہ شاید آپ کسی دوسری اہلیہ کے پاس تشریف لے گئے ہیں۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے
فرمایا: اللہ تعالیٰ شعبان کی پندرھویں رات آسمانِ دنیا کی طرف نزول فرماتے ہیں
قبیلہ کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں کی بخشش فرماتے ہیں۔
اس روایت سے آنحضرت کا شب براءت میں قبرستان جانا معلوم ہوا
لیکن آپ کا اس پر مداوت اختیار کرنا ثابت نہیں لہذا اسے سنت مستمرہ نہ کہا جائے
گا، بلکہ کبھی کبھی شب براءت میں زیارت قبور کے لیے چلا جائے تو مضائقہ نہیں۔لیکن
ہر شب براءت میں جانے کا اہتمام والتزام کرنا ،اسے ضروری سمجھنا، اسے شب براءت کے
ارکان میں داخل کرنا اور قبرستان کی اس حاضری کو شب براءت کا جزوِ لازم سمجھنا
منکرات میں سے ہے۔ قبور پر اجتماعی حاضری ،میلہ ٹھیلا کا سماں اور چراغاں کرنا
وغیرہ ایسے امور میں جو بدعات ہیں ۔اس طرح یہ عمل مستحب نہیں بلکہ گناہ بن جائے
گا۔ آنحضرت سے جس درجہ میں یہ عمل ثابت ہوا اسی میں رکھا جائے تاکہ وہ عمل منکر
اور گناہ ہونے سے بچ جائے۔ شیخ الاسلام حضرت مولانامفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ
فرماتے ہیں :
”
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ کی حدیث باب سے لیلۃ البراءت میں آپ
صلی اللہ علیہ وسلم کا بقیع جانا معلوم ہوا، جو شبِ براءت میں قبرستان جانے کی اصل
ہے۔ لیکن چونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس پر مداومت ثابت نہیں اس لیے اس
کو سنتِ مستمرہ کا درجہ دینا بھی صحیح نہیں۔ہاں کبھی کبھی چلا جائے تو مضائقہ نہیں“
درسِ ترمذی :ج2 ص581
شب
براءت کی چند بدعات ومنکرات:
1:مساجد
میں شب بیداری کے لیے عوام کا اجتماع کرنا، اشتہارات واعلانات کے ذریعے لوگوں کو
جمع کرنا ۔
2:شب
براءت میں خاص قسم کی نمازیں پڑھنا۔مثلاً ایک موضوع ومن گھڑت روایت کی بنا پر سو
رکعت والی نماز پیش کی جاتی ہے۔(درس ترمذی: ج2ص579
3:شب
براءت میں حلوہ کا پابندی سے پکانا اور اس کے بغیر شب براءت کی فضیلت سے محروم
ہونے کا نظریہ رکھنا۔
4:شب
براءت میں فوت شدہ لوگوں کی ارواح کا اپنے گھروں میں واپس آنے کا عقیدہ رکھنا۔
5:شب
براءت میں قبرستان میں میلا کرنا،چراغاں کرنا اور جماعتوں اور ٹولیوں کی شکل میں
جمع ہونا۔
6:شب
براءت میں مسور کی دال پکانے کو ضروری سمجھنا۔
7:شب
براءت میں آتش بازی کرنا۔
نوٹ: مکمل مضمون مولانا الیاس گھمن صاحب کا ہے، بندہ نے
معمولی سی ترمیم کی ہے۔
محمد عاصم ، فاضل و متخصص : جامعہ دارالعلوم کراچی
No comments:
Post a Comment